استحصال پرمشتمل چالیس صفحات کی ڈائری تیار
نئی دہلی18جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)اسٹنگ کرکے بنائے گئے کئی ویڈیوز فوج اور نیم فوجی فورسز میں جاگیردارانہ استحصال کی گواہی دے رہے ہیں۔ویڈیومیں ایک نوجوان اپنے افسر کے جوتوں میں پالش کر رہاہے۔اس کے گھرباغبانی کررہاہے اوراس کے کتوں کا خیال رکھ رہاہے۔ویڈیوبنانے والے ہیں سی آر پی ایف میں تعینات میتو سنگھ راٹھور۔راٹھور کا دعویٰ ہے کہ بھوپال میں ڈی آئی جی ایم ایس شیخاوت کے گھر میں تعیناتی کے دوران انہوں نے دوسرے جوانوں کی حالت کو ظاہر کرنے کیلئے یہ ویڈیوبنائی۔میتوکادعویٰ ہے کہ افسروں کی داداگیری کے ان کے پاس بہت ویڈیوزہیں۔انہوں نے جوانوں پر ہو رہے استحصال پر 40صفحہ کی ایک ڈائری بھی لکھی ہے۔میتو کے مطابق انہوں نے اس بات کی شکایت اس لیے نہیں کی کیونکہ افسروں سے انہیں انصاف کی امید نہیں ہے۔میتو کے یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے ہیں۔میتو کے مطابق اب وہ چھٹی پر ہیں اور ان پر دباؤ بنانے کیلئے مسلسل فون آ رہے ہیں۔لیکن انہیں نہ تو کارروائی سے ڈر ہے اور نہ ہی اپنی موت سے۔